نئی دہلی،6جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک بیوروکریٹ کی تقرری کو لے کر دہلی اسمبلی کے صدر اور مرکز کے درمیان رسہ کشی کو نامنظور کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے آج کہا کہ اس طرح کے معاملات کو عدالت میں آئے بغیر باہمی رضامندی سے حل کرلینا چاہئے۔اسمبلی اسپیکررامنواس گوئل نے اس وقت کے لیفٹیننٹ گورنرنجیب جنگ کے حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں دہلی اسمبلی کے سیکریٹری پرسنن کمار سوریہ دیورا کو ان کی اصل تنظیم آل انڈیاریڈیومیں بھیجنے کاحکم دیاگیاتھا۔بہر حال اسمبلی اسپیکر نے انہیں عہدے سے آزادکرنے سے انکار کر دیا تھا۔کیس کی سماعت کر رہے جسٹس سنجیو سچدیو نے کہا کہ اسمبلی صدرکاعدالت میں آناغیرمعمولی صورتحال ہے۔اسے عدالت میں نہیں لایا جانا چاہئے تھا،وہ اس طرح کے افسرنہیں ہیں کہ دوحکومتوں (دہلی اورمرکز)کوان پرلڑنا چاہئے،اسے عدالت میں آئے بغیر دونوں فریق کی باہمی رضامندی سے کیوں نہیں سلجھا سکتے تھے۔عدالت نے معاملے میں آج مرکز، بیوروکریٹ اور دہلی حکومت کو نوٹس جاری کئے اور انہیں سماعت کی اگلی تاریخ 17جنوری تک جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔